26 فروری 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی نے اسلامی ممالک اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد ویکجہتی پر تاکید کی ہے۔

ابنا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق علی لاریجانی نے کل رات نئی دہلی میں اسلامی بیداری کے حوالے سے منعقدہ سمینار میں جس میں شیعہ اور سنی علماء شریک تھے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا اصل مسئلہ انتشار اور تفرقہ ہے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ مسلم اقوام ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں کیونکہ مسلمانوں کو جئوگرافی کے لحاظ سے بہترین پوزیشن حاصل ہے اور انہیں اس موقعہ سے بہترین فائدہ اٹھانا چاہیئے۔خانۂ فرہنگ جمہوری اسلامی میں منعقدہ اس سمینار میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے دنیائے اسلام میں اسلامی بیداری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسلمانوں میں تبدیلی آرہی ہے اور وہ اس بات کے درپے ہیں کہ اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات سے ہماہنگ کرلیں اور یہ اسلام کی حیات نو کےلئے حوصلہ افزا مسئلہ ہے۔اپنے خطاب میں علی لاریجانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی تبلیغ کررہا ہے اور اسی وجہ سے وہ مصر ، تونس اور دوسرے اہل سنت ممالک میں انقلابات کی حمایت کررہا ہے کیونکہ ان انقلابات کو اسلامی اور حقیقی سمجھتا ہے۔